قاہرہ،5اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مصری وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا ہے کہ گذشتہ روز ملک کی جنوبی گورنری الاقصر میں اسنا کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی ایک گشتی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسنا پولیس تھانے کی حدود میں پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کوروکا جس میں دو افراد سوار تھے۔ انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک عام شہری جاں بحق اور تین شہری زخمی ہوگئے۔پولیس نے ایک مسلح حملہ اور کو حراست میں لے لیا جس کے قبضے سے ایک خود کار رائفل بھی قبضے میں لی گئی ہے۔ دوسرا حملہ آور گاڑی اور بندوق چھوڑ کر فرار ہوگیا۔